یلاپور 17 / اپریل (ایس او نیوز) یلاپور تعلقہ کے کیروتّی گرام پنچایت علاقہ میں واقع مندر کے احاطہ میں منعقدہ پروگرام میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ریوینیو منسٹر آر اشوک نے اتی کرم داروں کو یقین دلایا کہ 30-40 سال سے گلے کا کانٹا بن کر التواء میں پڑے ہوئے اس مسئلہ کو حل کرتے ہوئے اتی کرم زمینوں کو سکرم کرنے کا کام جلد ہی شروع ہوجائے گا۔
عوامی مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے بنائے گئے "گاوں کا دورہ" پروگرام کا انعقاد شمالی کینرا ضلع انتظامیہ ، ضلع پنچایت ، تعلقہ انتظامیہ ، تعلقہ پنچایت اور گرام پنچایت کیروتّی کے اشتراک سے کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع شمالی کینرا جغرافیائی ، ماحولیاتی ، ثقافتی اور قدرتی لحاظ سے دیگر تمام اضلاع سے بہتر ہونے کے باوجود یہاں کے مختلف تعلقہ جات میں اتی کرم زمینوں کا مسئلہ ان سلجھا پڑا ہے ۔ ہماری حکومت جلد ہی اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے قانون میں تبدیلیاں کرتے ہوئے اسے آسان بنائے گی ۔ ہماری حکومت عوامی مفاد سے متعلق اقدامات کرنے پر کاربند ہے ۔ یہ جو 'گاوں میں قیام' کا پروگرام وضع کیا گیا ہے وہ صرف نام کے لئے نہیں ہے بلکہ سماج کے ہر طبقہ اور خاص کرکے کمزور اور پچھڑے طبقہ کے ہر فرد کو سرکاری سہولت کا فائدہ پہنچانے کے لئے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ 10 دنوں میں ریوینیو محکمہ کی کارکردگی میں بڑی اہم تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی ۔ حکومت کی طرف سے مالی طور پر کمزوروں کو جو ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے وہ مستفیض ہونے والوں کے گھروں کے دروازے پر پہنچایا جائے گا ۔ جو لوگ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں ، وہ اگر ریوینیو محکمہ سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کریں گے تو صرف 72 گھنٹے کے اندر ان کا ماہانہ وظیفہ منظور کیا جائے گا ۔ لیبر منسٹر شیورام ہیبار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریوینیو منسٹر آر اشوک کے کام کرنے انداز کی سراہنا کی اور کہا کہ آر اشوک حقیقی معنوں میں عوامی مسائل حل کرنے کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں ۔
اس اجلاس میں ضلع ڈی سی مولئی موہیلن ، ایڈیشنل ڈی سی راجو موگویر ، سرسی اسسٹنٹ کمشنر دیوراجو ، اسٹیٹ ڈی سینڑلائزیشن اسکیم اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے نائب صدر پرمود ہیگڈے ، ایم ایل اے روپالی نائک ، ایم ایل سی شانتا رام سیدّی ، تحصیلدار شری کرشنا کامکر، گرام پنچایت صدر منجولا وردانی وغیرہ موجود تھے ۔